صدر مملکت ممنون حسین نے فوجی عدالتوں میں دو سال کی توسیع کے بل پر دستخط کردئیے،جس کے بعد 28ویں آئینی ترمیم کو ایکٹ آف پارلیمنٹ کا درجہ مل گیا ۔
صدر مملکت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے پاس کئے جانے والے بل پر دستخط کردئیے ہیں،جس کے بعد 7جنوری 2017ء سے دو برس کیلئے فوجی عدالتوں کو توسیع مل گئی ہے۔ صدر ممنون حسین نے انکوائری بل 2017ء پر بھی دستخط کئے،جس کے بعد کسی بھی معاملے کی تحقیقات کے لئے کمیشن بنایا جاسکے گا،اس حوالے سے چیف جسٹس سپریم کورٹ کو درخواست دی جائے گی ۔ قانون کے تحت کمیشن کو دیوانی اور فوجداری مقدمات کی سماعت کے اختیارات حاصل ہوںگےجبکہ حکومت انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو عام کرنے کی پابند ہوگی۔