پی ٹی آئی ، پی پی ، جماعت اسلامی ، مسلم لیگ ق استعفے کے حق میں ، اے این پی ، ایم کیو ایم ، قوم وطن پارٹی اور بی این پی مطالبے سے دستبردار
اسلام آباد (یس اُردو) اپوزیشن وزیر اعظم نواز شریف سے استعفے کے مطالبے پر تقسیم ہوگئی ، تحریک انصاف ، پیپلز پارٹی ، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ ق استعفے کے حق میں جبکہ اے این پی اور ایم کیو ایم ، قومی وطن پارٹی اور بی این پی عوامی نے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا ۔ اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس آج شام اسلام آباد میں ہوگا ۔ مشترکہ حکمت عملی اپنانے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ملاقاتیں جاری ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں وزیر اعظم کے استعفے کے مطالبے پر تاحال متفق نہیں ہوسکی ہیں ، عمران خان اور بلاول بھٹو تو وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ پہلے ہی کرچکے ہیں ۔ جماعت اسلامی ، مسلم لیگ ق اورعوامی مسلم لیگ نے بھی وزیر اعظم سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے جبکہ اے این پی ، ایم کیو ایم ، قومی وطن پارٹی اور بی این پی عوامی نے وزیر اعظم سے استعفے کا واضح مطالبہ نہیں کیا ہے ۔ اپوزیشن اجلاس میں وزیر اعظم کے استعفے کے مطالبے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی