اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ 2013 میں جو پاکستان ہمیں ملا آج ہم اسے ہرلحاظ سے بہترحالت میں چھوڑکرجارہے ہیں۔اسلام آباد میں اے پی این ایس ایوارڈزکی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ 2013 میں جوپاکستان ہمیں ملا آج ہم اسے ہر لحاظ سے بہتر حالت میں چھوڑکرجارہے ہیں۔ ہماری راہ میں بڑی مشکلات آئیں لیکن حکومت نے ترقی کا سفرجاری رکھا، 5 سال میں جتنے کام کیے، 65 سال میں بھی نہ ہوئے، لواری ٹنل کے کام کا آغاز ذوالفقار بھٹو نے کیا، جبکہ اسے 40 برس بعد نوازشریف نے مکمل کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ غیر جانبدار میڈیا حکومت اور ملک کے لیے ضروری ہے، حکومت نے پہلے دن سے ہی آزادی صحافت کا فیصلہ کیا، طے کیا تھا کہ صحافیوں کے لئے کوئی خفیہ فنڈ نہیں ہوگا۔ 5 سال میں خفیہ فنڈز پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا،حقائق پر مبنی رپورٹنگ ملک کےلیے بہت اہم ہے، تنقید ضرور کی جائے لیکن اچھے کام بھی سامنے لائیں، ہتک عزت کے دعوے سے کسی کی صرف پگڑی اچھالی جا سکتی ہے، آج تک ہتک عزت کے کسی کے دعوے کی رقم کسی نے وصول نہیں کی، سنسر شپ کسی کے مفاد میں نہیں، جدید دنیا میں سنسر شپ نہیں چل سکتی، سوشل میڈیا کے دورمیں یہ بے سود کام ہے، میڈیا جھوٹی خبرکی تردید کی روایت خود ڈالے۔