وزیراعظم نوازشریف سعودی عرب میں ہونے والی امریکا عرب اسلامی کانفرنس میں شرکت کے لیے کل سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم نوازشریف کو کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دعوت دی تھی، کانفرنس سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسلمان رہنماؤں سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم دورہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کے علاوہ کانفرنس میں شریک عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔ روزنامہ جنگ کے نمائندے صالح ظافر کے مطابق واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے بتایا ہے کہ دورہ سعودی عرب میں وزیراعظم نوازشریف اور امریکی صدر کے درمیان ملاقات کا بھی امکان ہے تاہم ریاض روانگی تک امریکی صدر کے شیڈول میں باضابطہ ملاقات شامل نہیں ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شیڈول سے ہٹ کر نواز ٹرمپ غیر اعلانیہ ملاقات کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم روضہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر بھی حاضری دیں گے۔