اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ حکومت قطر کی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ایک لاکھ پاکستانی فرادی قوت کے کوٹے پرعمل درآمد کے لیے پرعزم ہے جس پر اس سال کے آخر تک عمل درآمد کیا جائے گا، وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل نے تین برسوں میں 43 لاکھ ہنر مند و نیم ہنر مند پاکستانی کارکنوں کو قطر بجھوایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو یہاں سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اندرون و بیرون ممالک پاکستانی نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع کی فراہمی وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے جس پرعمل درآمد کیلئے وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل بھرپور کوششیں کر رہی ہے، اس ضمن میں پاکستان کیلئے کوٹے میں اضافے پر توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اس سال کے آخر تک قطر میں تعمیرات اور دیگر شعبوں میں ایک لاکھ پاکستانی ورکروں کو بھیجنے کا ہدف حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، قطر میں اتنی بڑی تعداد میں پاکستانیوں کو روزگار کی فراہمی سے قومی معیشیت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے قطر نے پاکستان میں اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں تین سہولیاتی مراکز قائم کر دیے ہیں جہاں قطر جانے کے خواہش مند پاکستانی افرادی قوت کو تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، یہ مراکز افرادی قوت کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں تا کہ قطر میں انہیں آجروں کی جانب سے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سید ذوالفقار بخاری نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا چاہتا ہے اور پاکستان میں سہولیاتی مراکز کے قیام سے اس بات کی بخوبی عکاسی ہوتی ہے، قطر نے اب تک صرف 8 ممالک میں اس طرح کے مراکز قائم کئے ہیں۔ جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ اندرون و بیرون ممالک پاکستانی نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع کی فراہمی وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے۔