اسلام آباد; پاکستان تحریک انصاف کے مرکز بنی گالہ میں پارٹی کی قیادت اکھٹی ہونا شروع ہوگئی ہے، پارٹی چیئرمین عمران خان کی اہم تقریر متوقع ہے۔تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیرِ صدارت بنی گالہ میں اہم اجلاس جاری ہے، اجلاس میں بابر اعوان، نعیم الحق اور دیگر رہنما شریک ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو بھی بنی گالہ بلا لیا ہے، جو الیکشن مہم کے دوران عمران خان کو سپورٹ کر رہے تھے۔بنی گالہ میں جاری اجلاس میں ملک بھر کے حلقوں سے موصول ہونے والے نتائج پر مشاورت کی جا رہی ہے جب کہ پی ٹی آئی چیئرمین تمام امیدواروں سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ موصول ہونے والے نتائج کو دیکھ کر عمران خان نے لاہور کا دورہ بھی ملتوی کر دیا ہے، وہ بنی گالہ ہی میں ٹھہرے رہیں گے اور واضح برتری پر بنی گالہ ہی سے خطاب کریں گے۔واضح رہے کہ عمران خان تمام نتائج کی مانیٹرنگ خود کر رہے ہیں، دریں اثنا شیخ رشید راولپنڈی کے حلقوں کی صورتِ حال پر بریفنگ دیں گے۔دوسری جانب یک اور خبر کے مطابق این اے 95 سے 7 پولنگ سٹیشن کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے ہیں تازہ ترین تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمران خان نے1348جبکہ متحدہ مجلس عمل کے امیدوار عبید اللہ شادی خیل نے 192 ووٹ حاصل کیے ہیں ۔ پولنگ کا وقت6 بجے ختم ہو گیا تھا اور ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
واضح رہے آج ملک بھر کے قومی اور صوبائی حلقوں میں انتخابات 2018ء کیلئے پولنگ کا عمل جاری تھا جو کہ صبح 8سے بجے سے شروع ہو ہو کر شام 6بجے تک پولنگ جاری رہا۔ ملک میں جاری گرمی اور حبس کے باوجود لوگ ووٹ ڈالنے کیلئے باہر نکل پڑے تھے۔ الیکشن عمل کے دوران کوئٹہ میں دہشتگردی کا واقعہ بھی پیش آیا جبکہ سندھ کے اہم شہر لاڑکانہ میں کریکر دھماکہ بھی ہوا۔بعض مقامات پرلڑا ئی جھگڑے کے واقعات ہوئے جن میں کئی لوگ زخمی بھی ہوئے تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر صورتحال قابو میں کر لی ۔ قومی اسمبلی کے 272 میں سے 270 حلقوں پر جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے577 میں سے570 حلقوں پرالیکشن کا عمل جاری رہا۔ قومی اسمبلی کیلئے سبزبیلٹ پیپر اورصوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپرز استعمال کیے گئے ۔ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں خصوصی طور پر ہدایات جاری کیں کہ ووٹ ڈالنے کیلئے اصل شناختی کارڈ پولنگ اسٹیشن لےکرجائیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس120 پارٹیاں رجسٹرڈ ہیں۔ ایک ہزار623 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں