پشاور(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف میں انٹرا پارٹی الیکشن کی بجائے مالی طور مستحکم اور پارٹی کے لیے وقت دینے والے افراد کو پارٹی عہدے دینے کا فیصلہ کیا گیا۔پارٹی چیرمین عمران خان نے فوری پر حکومتی اور پارٹی عہدے الگ کرکے عبوری سیٹ اپ بنانے اور حکومتی عہدے
رکھنے والوں کو فوری طور پارٹی عہدے چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ عمران خان نے بلدیاتی الیکشن سے قبل پارٹی کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور تنظیم سازی مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ بلدیاتی الیکشن کے بعد انٹرا پارٹی الیکشن ہوں گے۔تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل ارشد داد کی جانب سے پارٹی عہدوں کے لیے خواہشمند کارکنوں سے درخواستیں مانگی گئی تھیں جس کا آج آخری روز ہے۔ پارٹی تنظیم سازی کے حوالے سے سیکرٹری جنرل ارشد داد بھی صوبوں کا دورہ کرنے والے ہیں۔زرائع نے بتایا ہے کہ مالی طور مستحکم اور پارٹی کے لیے وقت دینے والوں کو عہدوں میں ترجیح دی جارہی ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری جنرل ارشد داد سے بار بار رابطے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے بات نہ ہوسکی۔صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ بلدیاتی الیکشن کے لیے پارٹی کو منظم کیا جارہا ہے اور کسی ورکر کی حلق تلفی نہیں کی جائے گی اور میرٹ پر عہدے دیے جائیں گے۔ چیرمین کی ہدایت پر حکومتی اور پارٹی عہدے الگ کیے جارہے ہیں تاکہ کارکنوں کو بھی پارٹی میں عہدے مل سکیں۔