اسلام آباد: وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ لاہور الیکشن میں ملکی ترقی کو فتح ملی جب کہ عوام نے نوازشریف کی قیادت پراعتماد کا اظہار کیا۔
اسلام آباد میں ایشیا پیس فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسا نہیں ہے جیسا سی این این دکھاتا ہے، پاکستان پر امن ملک ہے اور ملک میں امن بحال ہوچکا ہے، پاکستان میں بزنس کی راہیں کھل چکی ہیں جب کہ مجھے توقع ہے کہ فلم فیسٹیول کے شرکا پاکستان کے لیے سفیر کا کردار کریں گے اور غیر ملکی فلمساز پاکستان سے واپس جاکر پاکستان کے بارے میں مثبت رائے دیں گے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پرامن پاکستان کا تشخص دنیا کے سامنے رکھیں گے، دنیامیں معیشت کو مضبوط بنانے کی دوڑ ہے جب کہ ترقی امن سے ممکن ہے تاہم خطرے میں گھیرا ہوا ملک یا خطہ ترقی نہیں کر سکتا، ملک کی ترقی کے لیے اندرونی استحکام ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو شکست دی ہے، پاکستان کو جس بین الاقوامی میڈیا نے خطر ناک قرار دیا، آج وہی میڈیا کہتا ہے پاکستان ایشیا کی معاشی طاقت بننے جا رہاہے۔