پاکستانی کرکٹ سرکٹ میں اس وقت کئی اوپنرز کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ ان میں اظہرعلی، سمیع اسلم، فخر زمان ، امام الحق، احمد شہزاد، کامران اکمل، مختار احمد ، خرم منظور نمایاں ہیں لیکن2010 کے اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ اوپنر سلمان بٹ کہتے ہیں کہ اپنی غلطی پر نادم ہوں۔
جنگ کو انٹر ویو دیتے ہوئے سلمان بٹ نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ کیریئر کے آخری سالوں میں پاکستانی ٹیم میں موقع ملےاور کارکردگی دکھاکر اپنے بارے میں منفی تاثر کو ختم کروں۔ ایک واقعہ ہوگیا جس کی سزا بھگت لی، غلطی کا اعتراف کرچکا ہوں اب ایک جرم میں دو سزائیں دینا کہاں کا انصاف ہے۔ میرے لئے کوئی اور قانون اور دوسروں کے لئے کوئی اور قانون ہے، میڈیا میرے کیس کو دیکھ کر میرے معاملے کو دیکھے۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر سلمان بٹ کی عمر اس وقت33 سال ہے، قومی ٹی20 کپ میں لاہور وائٹس کی نمائندگی کرنے والے کامران اکمل اور سلمان بٹ کے ساتھ اسلام آباد کے خلاف میچ میں اوپننگ پارٹنر شپ میں 209 رنز جوڑ کر ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پانچ سال کی سزا کاٹنے کے بعد مسلسل کارکردگی دکھا رہا ہوں اب ایک موقعے کا منتظر ہوں، میں نے گذشتہ تین سیزن سے جو کارکردگی دکھائی ہے اس کے مطابق میرٹ پر میری پاکستانی ٹیم میں جگہ بنتی ہے۔ اس وقت پاکستان کے جتنے بھی اوپنرز کھیل رہے ہیں میرا اسٹرائیک ریٹ سب سے بہتر ہے، بھارت کے خلاف اپنے آخری ون ڈے میں بھی 79 رنز بنا چکا ہوں۔ ڈومیسٹک میں تینوں فارمیٹ میں کھیل رہا ہوں اور کارکردگی دکھا رہا ہوں اس بات کا فیصلہ سلیکٹرز کریں گے کہ مجھے کہاں کھلانا ہے۔ انتظار میں ہوں کہ سلیکٹرز مجھے بھی موقع دیں۔