راولپنڈی (ویب ڈیسک) پنجاب بھر میں طلبا و طالبات کی بحفاظت اور بروقت گھروں سے اسکول روانگی اور واپسی یقینی بنانے کے لیے طلبا کو سائیکلیں، طالبات کو سفری وائوچرز جبکہ یونیورسٹی، ڈگری کلاسز کی طالبات کو اسکوٹیز دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اسکوٹیز اور سائیکلیں آسان اقساط پر دی جائیں گی، پک اینڈ ڈراپ کی بھاری فیسوں سے بچاؤ اور گھر سے اسکول بروقت اور بحفاظت پہنچنے کے لیے میٹرک، ایف اے تک طالبات کو سفری وائوچرز دیے جائیں گے جس سے وہ گھر سے اسکول تک مفت سفر کر سکیں گی، اس اسکیم کا باقاعدہ اجرا نئے سال کے آغاز پر کیا جائے گا، پنجاب بھر میں کل53 ہزار اسکول اور 550 کالجز ہیں جن میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 50 لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں۔اس سے قبل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور اسکولز ایجوکیشن نے ابتدائی طور پر چھٹی سے بارہویں تک 28 کتابیں آن لائن کردی ہیں۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق پنجاب کے 7 اضلاع میں 200 اساتذہ میں ٹیبلیٹ فراہم کئے جا چکے ہیں، اس ایپ کی وجہ سے سائنس اور حساب کے مضامین کے نتائج میں واضع بہتری آئی ہے، 856 سکولوں میں ملٹی میڈیا کلاسیں قائم کی جا رہی ہیں جبکہ 12 ہزار اساتذہ کوٹرینگ دی جا چکی ہے۔ سرکاری اسکولوں میں بلیک اور وائٹ بورڈ کا زمانہ اب ختم ہوگیا، اب بچوں کو ڈیجیٹل اسکرین پر ویڈیوز کی مدد سے بچوں کو پڑھایا جارہا ہے، گلبرگ لاہور کے ایک سرکاری گرلز اسکول میں چھٹی سے دسویں کلاس تک کی طالبات کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تعلیم حاصل کررہی ہیں۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور اسکولز ایجوکیشن نے ای لرن ایپ تیارکی ہے جس کے ذریعے چھٹی سے بارہویں کلاس تک سائنس اور ریاضی کی کتابوں کو آن لائن کردیا گیا ہے، ان کتابوں میں 13 ہزار سے زائد ویڈیو لیکچر، 592 مثالیں ، 2100 اردو میں آڈیولیکچر جبکہ 1830 اینی میٹیڈ شامل کئے گئے ہیں جن کی مدد سے بچے آسانی سے سائنس اورریاضی سیکھ سکتے ہیں۔