لاہور (نیوز ڈیسک ) سینئر صحافی عارف نظامی کا دعویٰ ہے کہ شریف خاندان کیلئے خوشخبری، قطری حکومت کی معاونت سے ڈیل کے معاملات آخری مرحلے میں داخل، 70 سے 80 فیصد ڈیل ہو چکی ہے، قطر نے 3 ارب ڈالرز دینے کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ 10 سے 12 ارب ڈالرز مزید دیے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف نظامی کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بڑا دعویٰ کیا گیا ہے۔شریف خاندان کیلئے ڈیل سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے عارف نظامی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ معاملات آخری مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ قطری حکومت کی جانب سے شریف خاندان کو ریلیف دلوانے کیلئے کردار ادا کیا جا رہا ہے۔ قطری وزیراعظم کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران اس حوالے سے بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔عارف نظامی کا کہنا ہے کہ 70 سے 80 فیصد ڈیل ہو چکی ہے۔قطری حکومت کی جانب سے اس ڈیل کے تحت حکومت پاکستان کو 3 ارب ڈالرز دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 3 ارب ڈالرز کے پیکج کا اعلان شروعات ہے، ممکنہ طور پر شریف خاندان کیلئے ریلیف کے بدلے حکومت کو 10 سے 12 ارب ڈالرز مزید فراہم کیے جائیں گے۔ یوں کل 15 ارب ڈالرز کے عوض ڈیل طے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عارف نظامی کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت بھی ٹھیک نہیں ہے انہیں علاج کی ضرورت ہے۔معاملات طے پا جانے کے بعد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی لندن چلے جائیں گے اور وہیں قیام کریں گے۔ جبکہ قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پاکستان میں ہی قیام کریں گے۔ عارف نظامی کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان شریف خاندان کو ریلیف دینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ اس حوالے سے وزیراعظم سخت موقف اختیار کیے ہوئے ہیں۔ تاہم عمران خان ماضی میں کئی معاملات پر سخت موقف رکھتے تھے، اور اب وہی کام کرنے پر مجبور ہیں۔ اس لیے شریف خاندان کو ریلیف دینے کے معاملے پر بھی وزیراعظم اپنے موقف سے پیچھے ہٹ سکتے ہیں۔