کراچی میں قائد اعظم کی جائے پیدائش حکومتی توجہ کی طلب گار ہے۔شہر میں گزشتہ دو روز کے دوران ہونے والی بارش کے باعث وزیرمینشن کے باہر پانی جمع ہوگیا ہے اور سڑک تالاب بن گئی ہے،تاحال علاقے سے پانی نکالنے کا کام شروع نہیں ہوسکا۔
میٹھادر اور کھارادر کی متعدد گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہے، جس کے باعث مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
وزیرمینشن کے قریبی رہنے والے ایک شہری عبداللہ نے بتایا کہ علاقے کے مکینوں کو آئے روز کسی نہ کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، عام طور پر یہاں گٹر ابل پڑتے ہیں جس کی وجہ سے یہاں پانی کھڑا رہتا ہے اور متعلقہ محکمے کی جانب سے صفائی کے بعد صورتحال بہتر ہوجاتی ہے اور پھر دوبارہ ایک دو ہفتے بعد پانی جمع ہوجاتا ہے۔
شہری نے مزید بتایا کہ اس بار بارش کے باعث پانی جمع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے یہاں سے گزرنا بھی محال ہوگیا ہے لہٰذا متعلقہ ادارے قائداعظم کی جائے پیدائش کے باہر جمع ہونے والے پانی کو ہٹانے کے لیے فوری انتظامات کریں۔
گزشتہ دنوں ہونے والی بارش کا پانی کراچی کے نشیبی علاقوں کی سڑکوں پر اب بھی جمع ہے جبکہ گلیاں کیچڑ سے بھری ہوئی ہیں