اسلام آ باد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نےمہنگائی کا پھر نوٹس لیتے ہوئے مڈل مین کا کردار ختم کرنے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کے لئے مختلف وزارتوں سے تجاویز طلب کرلیں،عمران خان نےسندھ میں آٹے کی قیمت میں کمی کیلئے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔
تفصیلات کےمطابق ہفتہ کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی )میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نےناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کیلئےمنڈیوں تک سامان کی ترسیل کیلئے مڈل مین کے کردار کو ختم کرنے کی ہدایت کی ہے،وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کا بھی سخت نوٹس لیا ہے، وزیراعظم نے مختلف وزارتوں سے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے تجاویز طلب کیں ہیں،سندھ کے عوام صوبائی حکومت کی بد انتظامی کا شکار ہو رہے ہیں،سندھ حکومت نے مقررہ وقت میں گندم کی خریداری نہیں کی، مقررہ وقت میں گندم نہ خریدنے کی وجہ سے سندھ میں آٹے کی قیمت بڑھی، وزیراعظم نے ای سی سی کو موثر اور جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم نے آٹے کی قیمت میں کمی لانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرا عظم مہنگائی کا نوٹس لینے کے بجائے استعفیٰ دیں،عمران صاحب اب نوٹس لینے سے نہیں صرف آپکے استعفیٰ دینے سے ہی ملک چلے گا، قوم نے آپ کی نالائقی اور نااہلی کا نوٹس لے لیا اب آپ کے گھبرانے کا وقت ہوگیا ہے۔ آپ کی اپنی نالائقی، نااہلی، معاشی پلان اور وژن کی عدم موجودگی ملک میں مہنگائی و معاشی تباہی کی اصل وجوہات ہیں۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران صاحب ملک نواز شریف اور شہبا شریف کے حوالے کریں ،معیشت ٹھیک ہو جائے گی، نوجوانوں کو روزگار ملنا شروع ہو جائیگا۔