اسلام آباد: غازی عبدالرشید قتل کیس میں سابق صدر پرویزمشرف کے ریڈ وارنٹ کے اجرا کے معاملے پروزارت داخلہ کی جانب سے جواب جمع کرا دیا گیا۔
عدالت وزارت داخلہ کے جواب کو پڑھ کر6 اپریل کو فیصلہ سنائے گی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پرویز القادر نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں ریڈ وارنٹ کے اجرا کے معاملے پر کیس کی سماعت کی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا۔ مدعی کے وکیل طارق اسد ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج ہی فیصلہ سنایا جائے کیونکہ کسی جانب سے دباؤ آ سکتا ہے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ وزارت داخلہ کے جواب کو پڑھ کر پرسوں فیصلہ سنایا جائے گا۔ بے فکر رہیں کوئی دباؤ متاثر نہیں کر سکتا۔عدالت پرسوں فیصلہ دے گی کہ آیا ریڈ وارنٹ جاری کرنے ہیں یا نہیں۔ غازی عبدالرشید کیس میں عدالت نے پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیا ہے۔ مدعی مقدمہ نے ملزم کے ریڈ وارنٹ کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔