لاہور: جاتی امرا رائیونڈ میں ن لیگ کے بڑوں کی بیٹھک ہوئی ، پارٹی امیدواروں کے حوالے سے طویل اور حتمی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ امیدواروں کی باقاعدہ لسٹ ابھی جاری نہ کی جائے جب تک الیکشن کمیشن سے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق جاتی امرا میں ہونیوالے مشاورتی اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، سابق وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف، میاں حمزہ شہباز، مریم نواز شریف، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، سینیٹر پرویز رشید اور سینیٹر ڈاکٹر آ صف کرمانی شامل تھے ، جس میں طے کیا گیا کہ پارٹی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی اور جانچ پڑتال جب تک مکمل طور پر واضح نہیں ہو جاتی تب تک ن لیگ کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری نہ کی جائے ۔ذرائع کا کہنا تھا شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی امیدواروں کی حتمی فہرست کا اعلان میاں نواز شریف لندن سے واپس آ کر عید کے بعد کریں تو زیادہ بہتر ہو گا۔ اسی حوالے سے پارٹی رہنماؤں نے تمام اضلاع میں بورڈز بنانے کی بھی منظوری دے دی تاکہ جہاں جہاں پارٹی کے امیدواروں کے درمیان اگر کوئی جھگڑا سامنے آتا ہے تو اسے فوری طور پر حل کیا جائے ۔ مختلف بورڈز میں خواجہ آصف، حمزہ شہباز ، سعد رفیق، رانا ثنا اللہ سمیت دیگر اعلیٰ قیادت شامل ہو گی ۔