جہلم: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کو جواب دینا پڑے گا تاہم وہ جتنا روکتے رہیں ہم ملک کی خوش حالی کے لیے کام کرتے جائیں گے۔
تاریخی مقام کٹاس راج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جنہوں نے پہلے بھی کچھ نہیں کیا وہ اب کیا کریں گے، سابقہ حکومتوں نے اندھیروں میں جھونک دیا تاہم نہ صرف انہیں جواب دینا پڑے گا بلکہ آج ملکی ترقی کا راستہ روکنے والوں کو بھی جواب دینا پڑے گا، وہ جتنا روکتے رہیں ہم رکنے والے نہیں،ہم ملک کی خوش حالی اور بیروز گاری کے خاتمے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بیروزگاری اور پسماندگی بھی کم ہورہی ہے جب کہ لوڈشیڈنگ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ خیبرپختونخوا میں بھی موٹروے ہم بنارہے ہیں کیونکہ نیا پاکستان بنانے والوں نے کچھ نہیں کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ تمام الہامی کتابوں اور انبیائے کرام کو ماننے تک ہم مسلمان نہیں کہلا سکتے، ہمارے صوفیا کرام نےانسان دوستی کادرس دیا تاہم کچھ لوگ اسلام کے نام پرمعلوم نہیں کیا کیا باتیں کرتے ہیں۔ کٹاس راج چاروں تہذیبوں کا سنگم ہے اور اس کی تہذیب 4 ہزار قبل مسیح کی ہے، مذہب سب کا اپنا اپنا مگرانسانیت مشترکہ اساس ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور تمام مذاہب کے لوگ مل کر کام کررہے ہیں، اکثریت اور اقلیت کو مساوی حقوق دینا ہمارا ایمان ہے۔