اسلام آباد : سابق وزیراعظم نوازشریف نے پیپلزپارٹی کیساتھ مزید نہ چلنے اور پی پی کو تحریک انصاف کا بغل گیر بچہ قراردینے کی خبرکی تردید کردی۔ وہ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کررہے تھے ۔ نواز شریف نے کہا کہ میں نے کل کوئی بات ہی نہیں کی اور،
یہ میرے نام سے بیان لگا دیا گیا ۔ واضح رہے کہ خبررساں ایجنسی کی طرف سے قومی اخبار نے نوازشریف سے منسوب بیان شائع کیا تھا ۔صحافیوں سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا کہ میری طرف سے تردید چلائیں کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سے متعلق ایسی بات نہیں کی ۔ عدالت میں نواز شریف کو ٹی وی رپورٹر نے بتایا کہ یہ خبر اخبار کے رپورٹر کی نہیں، آن لائن نیوز ایجنسی کی ہے لیکن اس ایجنسی کا رپورٹر کمرہ عدالت میں موجود ہی نہیں تھا ،مقامی نیوز ویب سائٹ کے ذرائع کے مطابق آن لائن نیوز ایجنسی محسن بیگ نامی ایک شخص کی ہے جو گجرات کے چودھری برادران کے قریب سمجھے جاتے ہیں ۔