لاہور (نیوز ڈیسک ) ایک ہی دن میں قیمت میں دوبارہ کمی، ڈالر مزید سستا ہوگیا، انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قیمت 150 روپے 91 پیسے تک آگئی۔ تفصیلات کے مطابق کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مسلسل تیسرے روز کم ہوئی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر ایک روپے سستا ہو گیا جس کے بعد ایک ڈالر کی قیمت 151 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 54 پیسے گراوٹ دیکھی گئی جس کے امریکی کرنسی کی قیمت 150 روپے 91 پیسے پر بند ہوئی۔ دو روز کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 1 روپے 4 پیسے کم ہوئی۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق سعودی عرب سے ادھار تیل ملنے کی خبر کے باعث توقع کی جارہی ہے کہ مستقبل میں روپے پر دباو مزید کم ہو گا۔دوسری جانب فاریکس ایسو سی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک محمد بوستان نے بتایا ہے کہ عوام نے ذخیرہ کیے گئے ڈالر مارکیٹ میں واپس کرنا شروع کر دیے ہیں۔اس باعث ڈالر کی مانگ میں کمی ہوئی ہے اور روپے کی قدر میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ ملک بوستان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مارکیٹ میں ڈالر کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے، اسی باعث آنے والے دنوں میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی واقع ہوگی۔ اس کے علاوہ کاروباری ہفتے کے آخری روز سٹاک مارکیٹ میں 122 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچنج 100 انڈیکس میں 2 دن میں تاریخ ساز 2100 پوائنٹس کا اضافہ ہو گیا ہے۔جمعرات کے روز کاروباری دن 944 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 35 ہزار 581 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسٹاک مارکیٹ میں 2 دن میں ساڑھے 6 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اس سے پہلے ایک ساتھ اتنا بڑا اضافہ اپریل 2009 میں ہوا تھا جب ایک ہی دن مین سٹاک مارکیٹ میں 8 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ اسٹاک مارکیٹ میں 4 روز سے مسلسل مثبت اختتام ہورہا ہے اور چار دن میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 389 ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔ جمعرات کے روز سٹاک مارکیٹ میں 22 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 7 ارب روپے سے زائد تھی۔جمعرات کو کاروباری دن میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 127 ارب روپے سے بڑھ کے 7 ہزار دو سو ارب روپے ہوگئی ۔