فیصل آباد(ویب ڈیسک)منشیات کیس میں گرفتار ن لیگی ایم این اے راناثنااللہ کی فیصل آباد میں مزید 2کمرشل پلازوں میں شراکت داری سامنے آگئی،بے نامی جائیدادوں کیخلاف بنائی گئی اتھارٹی نے ریکارڈقبضے میں لے کر چھان بین شروع کردی ،ایک پلازہ نڑوالاروڈاوردوسراکشمیرپل کے قریب واقع ہے ۔ذرائع کے مطابق پلازوں میں راناثنااللہ اورسابق ایم پی اے شیخ اعجاز بے نامی دارہیں،دونوں پلازوں کے بارے میں شبہ ہے کہ راناثنااللہ کی جانب سے سرمایہ کاری کی جارہی ہے جبکہ فرنٹ فٹ پر ان کے اتحادی پرویزجٹ کانام ظاہرکیاگیاہے ۔ دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نبیلہ ثناء اللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے نامعلوم نمبروں سے ٹیلیفون کالز کر کے داماد شہریار کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، ہمارے حلقے کے لوگوں کو رانا ثناء اللہ کے خلاف بیان دینے کے لئے دھمکایا جارہا ہے لیکن اللہ کے کرم سے ہمارے حلقے کے ہر گھر کا فرد رانا ثناء اللہ کے ساتھ کھڑا ہے۔ ایسا ویسا کچھ کیا تو عمران خان کیخلاف مقدمہ درج کروائوں گی۔ اپنے ویڈیو بیان میں نبیلہ ثناء اللہ نے کہا جس دن سے مریم نواز ہمارے گھر سے ہو کر آئی ہیں اس سے اگلے روز ہمارے حلقے کے لوگوں کو تنگ کیا جارہا اور انہیں نوٹس بھیجے جارہے ہیں کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف بیان دیں۔میرے شوہر اللہ کے سپرد ہیں اور اللہ کے کرم سے نہ کوئی غلط چیز تھی اور نہ ہو سکتی ہے، جب رانا ثناء اللہ نے کچھ کیا ہی نہیں تو پھر ثبوت کس چیز کے تلاش کئے جارہے ہیں۔رانا ثناء اللہ کے قریبی لوگوں کو نوٹس بھجوائے جارہے ہیں کہ آپ رانا ثناء اللہ کے ساتھ کاروبار کرتے تھے۔ ہمارا حلقے کے لوگوں سے احترا م، محبت اور عقیدت کا رشتہ ہے اور یہ مرتے دم تک بر قرار رہے گا۔ ہمیں دھمکایا جارہا ہے کہ آپ فون پر بات نہ کریں۔ نامعلوم نمبر سے فون کرکے کہتے ہیں کہ شہریار کو اٹھا لیں گے۔میں شہریار اور اپنے بچوں کے ساتھ کھڑی ہوں، میں حسین کی طرح ڈٹ گئی ہوں، اگر ایسا ویسا کوئی بھی عمل یا کام کیا تو میں عوام کو گواہ بنا کر کہہ رہی کہ مقدمہ درج کروائوں گی۔ انہوں نے اپیل کی کہ تمام لوگ رانا ثناء اللہ کے لئے دعا کریں انہیں جیل میں بڑی اذیت میں رکھا گیا ہے۔