جب تک کرپشن کو جڑ سے نہیں اکھاڑا جاتا اس وقت تک ملک میں مکمل امن قائم نہیں ہوسکتا :جنرل راحیل شریف
کوہاٹ (یس اُردو) آرمی چیف نے ملکی سلامتی اور ترقی کے لئے ہر سطح پر بلا امتیاز احتساب کو ناگزیر قرار دے دیا ۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ کرپشن کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے بغیر پاکستان میں مکمل امن قائم نہیں ہو سکتا ، پاک فوج احتساب کی ہر بامقصد کوشش کی مکمل حمایت کرے گی ۔ ہر سطح پر بلاامتیاز احتساب ناگزیر ، آرمی چیف کا موجودہ صورتحال میں بڑا بیان سامنے آ گیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے سگنل رجمنٹل سنٹر کوہاٹ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی یکجہتی ، سالمیت ، ترقی اور خوشحالی کیلئے ہر سطح پر بلاتفریق احتساب انتہائی ضروری ہے ۔ کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے بغیر دائمی امن قائم نہیں ہوسکتا ۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ بلا امتیاز احتساب سے آنے والی نسلوں کا مستقبل بہتر ہوگا ۔ آرمی چیف نے یقین دلایا کہ پاک فوج احتساب کے لئے ہر بامقصد کوشش کی مکمل حمایت کرے گی ۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ قوم کے تعاون سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف جنگ جاری ہے ۔ مسلح افواج اور سول انتظامیہ ملکر دہشت گردی کو شکست دے رہے ہیں اور ملک دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کئے جا رہے ہیں ۔ آرمی چیف نے اس عزم کو دہرایا کہ قوم کے تعاون سے ملک سے دہشتگردی ختم کرکے رہیں گے ۔ جنرل راحیل شریف نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے فورسز اور شہریوں کی قربانیوں کو بھی سراہا ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے میجر جنرل سہیل احمد زیدی کو کرنل کمانڈنٹ کے بیج لگائے ۔