اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری نے اپنی گرفتاری سے متعلق کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو کچھ نہیں پتہ، سب وزیر داخلہ کرا رہا ہے۔
احتساب عدالت میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ گرفتاری تیسری دنیا کے ملکوں میں سیاست کا حسن ہے، میری گرفتاری پریشر ٹیکٹکس ہیں، میں نے کہا تھا چیئرمین نیب کی کیا مجال، سب حکومت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف منتخب نہیں تھے اس لیے جیل جانے کو تیار نہیں، مشرف نے ووٹ نہیں مانگنے جانا ہمیں ووٹ مانگنے جانا ہے۔ صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ جیسے نواز شریف کو پارلیمنٹ سے آؤٹ کیا گیا، کیا آپ پر بھی وہی فارمولا اپلائی کیا جارہا ہے؟ اس پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ فرق کیا پڑے گا؟ میں نہیں ہوں گا تو بلاول ہوگا، بلاول نہیں ہوگا تو آصفہ ہوگی۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ میرے دور میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا، ہم نے تو سزائے موت پر بھی پابندی لگا رکھی تھی۔ایک سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان کو لندن بھاگتے دیکھ رہا ہوں۔صحافی نے سوال کیا کہ نواز شریف نے میمو گیٹ پر اظہار افسوس کیا، آپ کو بلوچستان حکومت گرانے پر افسوس ہے؟ اس پر سابق صدر کا کہنا تھا کہ سیاست میں انسان کو پوزیشن لینا پڑتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکاؤنٹس و منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کی تھی جس کے بعد نیب نے انہیں زرداری ہاؤس اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا، پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری نے اپنی گرفتاری سے متعلق کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو کچھ نہیں پتہ، سب وزیر داخلہ کرا رہا ہے، یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔