خلیجی بحران کے حل کے لئے ترک صدر رجب طیب اردوان آئندہ چند دنوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
اس بات کا اعلان ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کیا ، انکا کہنا ہے کہ مجوزہ اوردوان ٹرمپ ملاقات میں قطر بحران پر غور کیا جائیگا، ساتھ ہی شامی مسئلہ اور دہشتگردی کے خلاف جنگ پر بھی بات چیت کرینگے۔ میولود چاوش اولو نے بتایا ہے کہ یہ مجوزہ ملاقات آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔
ترکی کے صدر رجب طیب اوردوان نے قطر کو تنہا کرنے کی کوششوں کو غیر انسانی اور غیر اسلامی قرار دیا ہے۔انقرہ میں حکمران پارٹی سے ٹیلی ویژن خطاب کرتے ہوئے صدر اوردوان نے قطر کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا قطر کے خلاف عائد سنگین الزامات خطے کے مفاد میں نہیں ہے۔
انکا کہنا تھا کہ قطر نے کبھی دہشت گردی کی حمایت نہیں کی، بلکہ داعش کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا اور ترکی کےتعاون سے شام میں اپوزیشن کو داعش کو پسپا کرنے میں مدد فراہم کی، صدر اوردوان نے مزید کہا سعودی فرماروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز خلیج کی سب سے بڑی ریاست کاسربراہ ہونے کےسبب قطر بحران کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔