پاکستان کی دکھائی جانے والی فلموں میں ”نامعلوم افراد ٹو” اور ”آزاد ” شامل ہیں، فیسٹیول میں 125 اور 85 ڈالرز کے پاسز فروخت کئے جائیں گے
کراچی ( روزنامہ دنیا ) 14ویں سالانہ ساﺅتھ ایشین انٹر نیشنل فلم فیسٹیول 2017 میں دو پاکستانی فلموں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ مذکورہ 5 روزہ فلم فیسٹیول کا آغاز 13 دسمبر 2017 کو نیویارک میں سن شائن سینما میں فیچر فلم لانگ لائیو برج موہن کے ورلڈ پریمیئر شو سے 7 بجکر 30 منٹ پر ہوگا۔ فلمی میلے میں پاکستان، انڈیا، سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال کی فلمیں دکھائی جائینگی۔ فلم فیسٹیول میں 125 اور 85 ڈالر کے پاسز فروخت کئے جارہے ہیں جس میں پاسز والے شائقین 14 فلمیں دیکھ سکیں گے جبکہ ویک اینڈ پاسز میں صرف 10 فلمیں دیکھ سکتے ہیں۔
فیسٹیول میں فیچر اور شارٹ فلموں کے شوز کو ورلڈ پریمیئر، نارتھ امریکہ پریمیئر، نیو یارک پریمیئر اور انٹرنیشنل پریمیئر کے نام دیئے گئے ہیں۔ پاکستانی فلموں میں رواں برس میں نمائش پذیر ہونیوالی ہدایتکار نبیل قریشی کی فلم ” نامعلوم افراد 2 “اور اداکار و ہدایتکار ریحان شیخ کی فلم ”آزاد“ شامل ہیں۔ فلم آزاد کا ورلڈ پریمیئر 15 دسمبر کو 10 بجے شب سن شائن سینما میں رکھا گیا ہے ۔ رومی فلمز اور بلنگ سٹوڈیوز کے بینر تلے بنائی گئی کامیڈی ڈرامہ فلم کے قابل ذکر فنکاروں میں صنم سعید، عمران عباس، سلمان شاہد، ریحان شیخ، نمرہ بچہ ، سبرین ہسبانی شامل ہیں۔ مذکورہ فلم اب تک پاکستان میں نمائش کیلئے پیش نہیں کی گئی ،فلم کے دو ٹریلرز جاری ہوچکے ہیں بیرون ملک میں پہلا ورلڈ پریمیئر شو ہوگا۔ فلم کا دورانیہ 121 منٹ پر مشتمل ہے ۔
دوسری پاکستانی فلم نامعلوم افراد 2 ہے جسکے قابل ذکر فنکاروں میں فہد مصطفی، عروا حسین، جاوید شیخ، محسن عباس حیدر، ہانیہ عامر، سلیم معراج اور مرینہ خان شامل ہیں ۔ مذکورہ فلم کا 16 دسمبر کو سات بجکر تیس منٹ پر نارتھ امریکہ میں پریمیئر شو ہوگا اسکے علاوہ دیگر ممالک کی فیچر فلموں میں مونا ڈارلنگ، ان انگلش وی سے، ہاف ویڈو، مچھر جھول، کوڈ نیم عبدل، ری بون اور شارٹ موویز میں پلیز ڈونٹ کال دی کوپس، کوبلر ڈریم، سیو ورلڈ، کوما کیفے ، دیول اویون، دی لینگوئج آف بال ، دی پٹس دکھائی جائینگی۔ ملکی فلم کی بیرون ممالک فیسٹیولز میں پذیرائی اور شرکت سے پاکستانی فلمسازوں کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں ۔