تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ نواز شریف کے پاس کوئی اخلاقی، قانونی یا سیاسی جواز نہیں رہا اور اس معاملے پر تمام اپوزیشن کا مؤقف یکساں ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 2 حصوں میں تقسیم ہوچکی اور اس کی سوچ میں دراڑ آگئی ہے، ایک حصہ کہہ رہا ہے کہ محاذ آرائی مناسب نہیں جب کہ ان کے کچھ نادان دوست شہادت کا رتبہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے آج کیبنٹ کا اجلاس بلایا گیا، نواز شریف کی کابینہ بھی رپورٹ کے دفاع میں دقت کا سامنا کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت اور سسٹم کو کوئی خطرہ نہیں لیکن نواز شریف کے پاس کوئی اخلاقی، قانونی یا سیاسی جواز نہیں رہا، اس معاملے پر سینیٹ کی اپوزیشن جماعتوں کا مؤقف بھی کم وبیش یکساں ہے، 17 جولائی کو سینیٹ کا اجلاس ہوگا جب کہ قومی اسمبلی کا بھی اجلاس بلانے جارہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے ہوئے ہیں، کل اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس بلارہے ہیں، ہم نے جے آئی ٹی رپورٹ کے معاملے پر ایک دوسرے کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس میں جے آئی ٹی رپورٹ کے تناظر میں معاملات پرتبادلہ خیال کریں گے۔