اپوزیشن جماعتوں نے نوازشریف کے بیان کو پاکستان کا امیج خراب کرنے کی کوشش قرار دیدیا اور کہا ہے کہ سوچ سمجھ کردیے گئے سابق وزیراعظم کے بیان نے خدشات بڑھادیے ہیں۔
اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کے قمر زمان کائرہ ،پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری ،ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت نے نوازشریف کے بیان کی مذمت کی اور کہا کہ نوازشریف نے پاکستان اور اس کے اداروں کو نقصان پہنچایا ہے ۔
قمر زمان کائرہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ نواز شریف اداروں کے خلاف اور ان کے بھائی اداروں سے بنا کر رکھنا چاہتے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہناتھاکہ جوکام میرصادق اورمیرجعفرنے کیا وہی نوازشریف نے کیا،انہوں نے اپنے بیان سےبھارت کوبندوق پکڑادی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پورا ہندوستانی میڈیا نواز شریف کے بیان کو لے کر اپنا کیس مضبوط کررہا ہے ، سابق وزیراعظم کی طرف سے بہت بدقسمت بیان ہے ، دنیا کو پاکستان کی جگ ہنسائی کا موقع ملا ہے ۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نوازشریف نے بیانات سوچ سمجھ کردیے،خدشات بڑھادیے، اب بڑی تعداد میں ایم این ایز اور ایم پی ایز ن لیگ چھوڑ جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نے پوری جماعت کو ملک دشمنی کے جرم میں کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہے،وزیراعظم صرف مستعفی ہوکرہی جان چھڑا سکتے ہیں، امید ہے نواز شریف کے بیان پر پی ایم ایل این میں بڑا ردعمل آئے گا ۔