کھٹمنڈو(ویب ڈیسک) نیپال میں فیلڈ ٹرپ سے واپس آنے والی سکول بس کھائی میں جا گری، حادثے میں طلبا اور اساتذہ سمیت 23 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ ہفتہ کو مغربی نیپال میں پیش آیا۔ حادثے کا شکار اسکول بس طلبا اور اساتذہ کو فیلڈ ٹرپسے واپس لے کر آرہی تھی جو پہاڑوں کے درمیان غیر ہموار راستوں کی وجہ سے اپنا توازن کھو بیٹھی اور کھائی میں جا گری۔ہلاک ہونے والے زیادہ تر طلبا کی عمریں 16 سے 20 سال کے درمیان تھیں۔بس میں 37 افراد سوار تھے جن میں سے 22 موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ ایک اور زخمی اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔حادثے میں بچ جانے والے افراد کو بھی گہری چوٹیں آئی ہیں جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ نیپال میں ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، خستہ حال گاڑیوں اور ڈرائیورز کی تیز رفتاری کی وجہ سے حادثات کا پیش آنا معمول کی بات ہے ۔ دوسری جانب نیپال کے تلسی پور میں اساتذہ اور طلبہ کو نباتات کے افتتاح کے لئے لے جانے والی ایک بس کے کھائی میں گر جانے سے تئیس افراد ہلاک اور چودہ دیگر زخمی ہو گئے۔ نیپال پولیس کے حوالے سے موصولہ رپورٹ کے مطابق بس کے اس حادثے کے بعد امدادی ٹیم نے حادثے کی جگہ سے تئیس لاشیں برآمد کی ہیں جن میں انیس مردوں اور چار خواتین شامل ہیں۔ زخمیوں کا بانکے کے کوہالپور میڈیکل کالج میں علاج کیا جا رہا ہے جبکہ ایک زخمی کو علاج کے لئے راپتی زونل اسپتال بھیج دیا گیا۔ جمعہ کو بس رامری کے قریب تلسی پور سالیان روڈ کی طرف ایک موڑ پر بے قابو ہوکر سات سو میٹر گہری کھائی میں گر گئی۔