پورٹ آف اسپین: کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شعیب ملک کی ففٹی بھی نائٹ رائیڈرز کو فتح سے نہ روک پائی۔
سی پی ایل کے گیارہویں میچ میں بارباڈوس ٹرائیڈنٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹ پر 152 رنز بنائے، سب سے زیادہ شعیب ملک نے 51 رنز بنائے، انھوں نے 38 گیندوں کا سامنا کیا جن میں سے 5 کو باؤنڈری کی سیر کرائی، کین ولیمسن 30 اور پوران 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بیٹون اور ڈیوائن براوو نے 2، 2 وکٹیں لیں جبکہ گذشتہ میچ کے ہیرو شاداب کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ جواب میں آخر میں بیٹنگ لائن کے لڑکھڑانے کے باوجود ٹرائنباگو نائٹ رائیڈرز نے 5 بالز قبل 8 وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا، بطور اوپنر کھیلنے والے سنیل نارائن نے 45 گیندوں پر 5 چھکوں اور6 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے، شامر سپرنگر نے 3 اور وین پارنیل نے 2 وکٹیں لیں، شعیب ملک نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ بھی کیا۔ اس سے قبل گروس آئیلٹ میں کھیلے گئے سیزن کے دسویں میچ میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس نے 6 وکٹ پر 196 رنز بنائے، ایون لیوس نے 92 رنز بنائے، کرس گیل 12 رنز تک محدود رہے جبکہ حفیظ کو کھاتہ کھولنے کی بھی مہلت نہیں ملی تاہم انھوں نے بطور بولر تلافی کردی، ان کی شاندار بولنگ کی بدولت سینٹ لوشیا اسٹارز 8 وکٹ پر 163 ہی بناسکے، آندرے فلیچر 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، حفیظ اور محمد نبی نے 3، 3 وکٹیں لیں۔