پی ایس ایل تھری کا کامیاب انعقاد 22 کروڑ پاکستانی عوام کی فتح، دشمن کی ہار، شہبازشریف
اسلام آباد: (اصغر علی مبارک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پی ایس ایل تھری کا کامیاب انعقاد 22 کروڑ پاکستانی عوام کی فتح ہے اور پوری قوم نے اپنے عزم اور جذبے کا بھرپور اظہار کرکے امن دشمنوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستانی قوم کے جوش، ولولے اور عزم کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے لاہور اور کراچی میں پی ایس ایل تھری کے میچوں کیلئے شاندار انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں ان میچوں اور شائقین کرکٹ کیلئے بہترین انتظامات پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے بعد کراچی میں فائنل کے پرامن انعقاد نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے عوام کھیلوں سے محبت کرتے ہیں اور پی ایس ایل تھری کے فائنل میں ہار اور جیت سے قطع نظر جیت پرامن پاکستان کی ہوئی ہے اور اس پر امن پاکستان کے لئے پوری قوم نے لازوال قربانیاں دی ہیںاور آج انہی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ اگر ہم اسی جذبے اور عزم کے ساتھ کام کرتے رہیں تو کوئی مشکل مشکل نہیں رہے گی او رکامیابیاں قدم چومیں گی۔ انہو ں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پاکستان کے 22 کروڑ عوام سرخرو ہوئے ہیں اور پی ایس ایل تھری بھی پی ایس ایل ٹو کی طرح پاکستان جیتا ہے اور پاکستان کے دشمن کی ہار ہوئی ہے۔ پاکستان کو کامیابی ملی ہے جبکہ اس کے مخالفوں، دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کو شکست ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان میچوں کے دوران پشاور سے کراچی تک پوری قوم یکجان دو قالب نظر آئی اورقومی وحدت کا بھرپور اظہار ہوا۔انہوںنے کہا کہ قومیں ہمیشہ محنت ، دیانت ، امانت اور عزم کے ساتھ ہی آگے بڑھتی ہیں۔ محنت، دیانت اور امانت کے اصولو ںپر چل کر ہی پاکستانی قوم مزید طاقتور ہو گی۔ پاکستانی قوم نے میچوں میں یکجہتی اور اتحاد کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے اور پی ایس ایل کے یہ میچ ایک تاریخ رقم کر گئے ہیں اور پاکستانی قوم کے حوصلے اور جذبے مزید بلند ہوئے ہیں۔