اسلام آباد (نیوزڈیسک)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی سمیت 4 رہنماؤں کو توڑ پھوڑ اور اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمہ میں 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شیخ سجاد احمد نے مقدمہ کی سماعت کی‘قبل ازیں پولیس نے پیر افضل قادری‘اعجاز اشرفی‘اشرفآصف اور مولانا خادم حسین رضوی کو عدالت کے روبرو پیش کیا‘پولیس کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کے لئے عدالت سے استدعا کی گئی تاکہ مقدمہ کی تحقیقات کی جا سکے جس پر عدالت نے ملزمان کو 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا اور 22 جنوری پر دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔یاد رہے کہ سول لائنز پولیس لاہور نے ملزمان کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر‘سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات کے مطابق مقدمہ درج کیا تھا۔سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کو ناموس رسالت کیس میں بری کیا تھا اس کے بعد تحریک لبیک پاکستان نے کئی شہروں میں آسیہ بی بی کی رہائی کے خلاف احتجاج اور توڑ پھوڑ کی تھی۔