لاہور: 22 نشستوں کے لیے 44 امیدوار مد مقابل، عاصمہ جہانگیر گروپ اور حامد خان گروپ میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا انتخابی دنگل سج گیا، 22 نشستوں کے لیے 44 امیدوار مدمقابل ہیں۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کیلئےعاصمہ جہانگیر گروپ اور حامد خان گروپ میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ عاصمہ جہانگیر گروپ کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار پیر کلیم خورشید اور حامد خان گروپ کے حمایت یافتہ حافظ عبد الرحمن انصاری مدمقابل ہیں۔ سیکرٹری کی نشست کے لیے صفدرحسین تارڑ اور میاں محمد اسلم آمنے سامنے ہیں۔ مجموعی طور پر 2989 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جس میں سب سے زیادہ تعداد 1287 لاہور کے ووٹرز کی ہے۔ صبح 9 بجے سے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔