اسلام آباد: سپریم کورٹ نے افواج پاکستان کے دو حاضر سروس میجر کے قاتل کو پھانسی دینے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ اسماعیل پرویز منہاس کو میجر فیصل اور میجر کاشف ریاض کے قتل پر ٹرائل کورٹ نے پھانسی کی سزا سنائی تھی، ہائیکورٹ نے بھی سالہ بہنوئی کے قتل کے ملزم کی پھانسی کی سزا برقرار رکھی۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے سماعت کے دوران کہا کہ 3 جولائی 2007 کو گلستان کالونی سول لین راولپنڈی میں وقوعہ پیش آیا۔ عدالت نے کہا کہ لین دین کے تنازعہ پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔ عدالت نے کہا کہ ملزم مقتول کے گھر میں کرایے دار تھا۔ عدالت نے کہا کہ وقوعہ دن کی روشنی میں وقوع پذیر ہوا۔ عدالت نے کہاکہ تینوں گواہان کے بیانات میڈیکل رپورٹ کو تقویت دیتے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ دو افراد کا قتل ہوا۔ عدالت نے کہاکہ دو افراد کے قتل کو معاشرے میں کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی، مجرم سزا میں کمی کا حقدار نہیں۔ عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ اسماعیل پرویز منہاس کی سزائے موت برقرار رکھتے ہوئے اپیل خارج کر دی۔