عمران خان کا کہنا ہے کہ کیس میں وہ چیزیں سامنے آئیں گی جو قوم سے چھپائی گئیں
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا، امید ہے انصاف ملے گا ۔
سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کے حوالے سے دائر درخواستوں کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کیس میں وہ چیزیں سامنے آئیں گی جو قوم سے چھپائی گئیں ۔
عمران خان نے پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کی طرف سے وزیراعظم نواز شریف و دیگر کو نوٹسز جاری کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ دھاندلی اور کرپشن ساتھ ساتھ ہیں دونوں کا خاتمہ ضروری ہے ، نیب، ایف بی آر سمیت دیگر اداروں کو فعال ہونا پڑے گا ۔
انہوں نے کہا کہ آج بہت خوشی ہے کہ سپریم کورٹ نے جمہوریت کی تاریخ میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعظم کو طلب کر لیا ہے ۔ سماعت شروع ہونے سے چیزیں عوام کے سامنے آئیں گے ۔ ان کا وزیر کہتا ہے کہ عوام بھول جائیں گے ، سپریم کورٹ نے اچھا فیصلہ کیا پارلیمنٹ نے اپنا کردار نہیں کیا ، جب انصاف نہ ملنے پر احتجاج سیاسی جماعت کا حق ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ نیب، ایف بی آر نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے بے بسی کا اظہار کیا ۔ دھاندلی اور کرپشن ساتھ ساتھ ہیں دونوں کا خاتمہ ضروری ہے ، غریب ملکوں کے ادارے کمزور ہیں، نیب، ایف بی آر کو فعال ہونا چاہیے ، کرپشن ملک کیلئے کینسر ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ چار حلقوں میں سے دو حلقے ابھی بھی باقی ہیں ، سپریم کورٹ سے التماس ہے کہ جلد سماعت مکمل کرے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نظریے کی بات کر رہے ہیں ، یہ لڑائی عمران خان کی ذاتی نہیں ہے، پاکستان کے عوام کرپشن سے تنگ ہیں ۔ دو ہزار چودہ کا دھرنا بہت کامیاب تھا، اس وقت کی تحریک انصاف اور اب کی پی ٹی آئی میں زمین آسمان کا فرق ہے، مختلف جماعتوں کے قائدین اور عوام کو دو نومبر کے احتجاج میں شرکت کی اپیل کر رہے ہیں ۔