اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے دہری شہریت اور غلط معلومات دینے پر پی ٹی آئی کی 3 خواتین ارکان اسمبلی کی نااہلی کیلیے درخواست سماعت کیلیے منظور کرلی ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے دہری شہریت اور غلط معلومات کی فراہمی پر تحریک انصاف
سے تعلق رکھنے والی 3 ارکان قومی اسمبلی ملائکہ بخاری، تاشفین صفدر اور کنول شاہ زیب کے خلاف نااہلی کی درخواست کی سماعت کی۔ عبد اللہ خان نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں ان کے وکیل احمد رضا قصوری نے موقف اختیار کیا کہ کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ تک ملائکہ بخاری دوہری شہریت رکھتی تھی جب کہ تاشفین صفدر نے بھی دوہری شہریت کے حوالے سے معلومات چھپائی ہیں، اس کے علاوہ کنول شاہ زیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ووٹ تبدیلی سے متعلق غلط بیانی کی، اس لئے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ممبران کو نااہل کیا جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی ممبران کی نااہلی سے متعلق درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق (ن) لیگ اور تحریک انصاف کے ایک، ایک رکن قومی اسمبلی پر نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی۔ نجی نیوز کے مطابق دو ارکان قومی اسمبلی نے مقررہ حد سے زائد انتخابی اخراجات کیے، این اے 91 سرگودھا سے ن لیگ کے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی، این اے 140 قصور تحریک انصاف طالب نکئی نے حد سے زیادہ انتخابی اخراجات کیے جس پر الیکشن کمیشن نے دونوں ارکان قومی اسمبلی کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی نے انتخابی مہم پر57 لاکھ جبکہ طالب نکئی نے 1 کروڑ 24 لاکھ 71 ہزار روپے کا خرچہ کیا۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن تحقیقات کے بعد دونوں ارکان کیخلاف مقدمہ درج کروائے گا۔