لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے بتایا ہے کہ شہباز شریف میں کینسر کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ کرپشن کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور نیب نے عدالت سے ان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ احتساب عدالت کے جج نے شہباز شریف سے استفسار کیا کہ کیا آپ کا طبی معائنہ ہوا ہے؟۔
اس پر شہباز شریف کے وکیل نے ان کی پمز اسپتال کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ طبی معائنہ ہوا ہے جس میں شہباز شریف میں کینسر علامات ظاہر ہو رہی ہیں، رپورٹس کا جائزہ لینے کے لئے میڈیکل بورڈ بنایا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی خبر سامنے آئی تھی کہ شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کے سینے میں گلٹیوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ان کے ایک گردے کے متاثر ہونے کے اثرات بھی پائے گئے ہیں جب کہ ڈاکٹرز نے بڑی آنت کی اندرونی دیوار کے معمول سے بڑھنے اور اس میں پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔