امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سےمذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔
امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے مطابق کم جونگ ان سےمذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، امریکا اور شمالی کوریا کے مذاکرات درست سمت میں جا رہے ہیں۔
امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ وہ تاحال نہیں جانتے کہ 12 جون کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان ملاقات ہوگی۔
شمالی کوریا کے سینئر حکام سے میٹنگ کے بعد نیو یارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دونوں جانب سے ٹرمپ اور کم جونگ ان کی ملاقات کو کامیاب بنانے کے لیے پیشرفت ہوئی ہے تاہم چیلنجز باقی ہیں۔
پومپیو کا کہنا ہے کہ ہم نے کامیاب سربراہ مذاکرات کیلئے آخری 72گھنٹوں میں حقیقی پیشرفت کی ہے تاہم کوئی غلطی نہ ہو اس حوالے سے کام کرنے کی گنجائش باقی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ مجھے اعتماد ہے کہ ان میٹنگز کے ذریعے ہم درست سمت کی جانب بڑھ رہے ہیں، جبکہ سنگا پور اور شمالی و جنوبی کوریا کے درمیان واقع غیر فوجی علاقے میں امریکی ٹیم کی شمالی کورین ہم منصبوں سے ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔
پومپیو نے مزید کہا کہ دونوں ممالک ’اہم لمحات‘ سے گزر رہے ہیں اور کسی بھی تلخی کے ذریعے اس موقع کو ہر گز ضائع نہیں کرنا چاہیے، مجھے یقین ہے کہ نارتھ کوریا کے لیڈرز نے اپنے ملک کیلئے اس طرح کی حکمت عملی کے ساتھ غور و فکر اس سے پہلے کبھی نہیں ہوگی، لیکن یہ کسی کے لیے حیران کن نہیں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا کے وائس چیئرمین آج امریکا پہنچ کر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اہم پیغام پہنچائیں گے۔