کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف نے سندھ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر سندھ کے ایم این ایز اور ایم پی ایز متحرک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے سندھ میں متحرک ہو کر پیپلز پارٹی کی حکومت کو اپنی بھرپور موجودی کا احساس دلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، وزیرِ اعظم عمران کی جانب سے ہدایات بھی جاری کر دی گئیں۔ وزیرِ اعظم نے ارکانِ سندھ اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اندرون سندھ دورے شروع کریں اور پی پی کی کارکردگی کا پول کھولیں۔ ایم پی ایز کو عمران خان کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں جا کر کام کریں، اور سندھ حکومت کے ماتحت اداروں کے بھی دورے کریں۔ وزیرِ اعظم کی جانب سے جاری ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایم پی ایز اندرون سندھ جا کر ویڈیوز بنائیں۔ خیال رہے کہ شہرِ قائد کراچی میں تجاوزات کے معاملے پر پی ٹی آئی ارکان کا پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے مابین اختلافات سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیرِ مملکت عابد شیر علی کو ان کے الزامات پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کرارا جواب دیا تھا، لیگی رہنما کی جانب سے فیصل واوڈا کی لندن میں جائیداد کے الزامات پر پی ٹی آئی رہنما عابد شیر علی پر برس پڑے تھے، انھوں نے کہا کہ لیگی رہنما کا ذہنی توازن خراب ہے۔