اسلام آباد: احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز میں مزید وقت کے لیے سپریم کورٹ کو درخواست دیتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں مقدمات کا فیصلہ ایک ساتھ سنایا جائے گا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کہا کہ تینوں نیب ریفرنسز پر فیصلہ ایک ساتھ سنایاجائے گا۔ احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے مزید وقت مانگ لیا ہے۔ احتساب عدالت نے سپریم کورٹ کو درخواست دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیب ریفرنسز کو مکمل کرنے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔
شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کے ٹرائل کا آغاز 14 ستمبر 2017 کو ہوا تھا ۔ مارچ میں احتساب عدالت کی جانب سے درخواست پر سپریم کورٹ نے شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی کارروائی مکمل کرنے کی ڈیڈلائن میں 2 ماہ کی توسیع کی تھی۔ تاہم اب احتساب عدالت نے مزید وقت مانگا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کیس میں وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے کر نیب کو شریف خاندان کے خلاف مقدمات درج کرنے اور 6 ماہ میں ان کیسز کا فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا۔