کوسٹاریکا: کوسٹاریکا میں قیدیوں کو جیل میں موبائل فون پہنچانے ولی تربیت یافتہ بلی کو گرفتار کرلیا گیا۔
وسطی امریکا کے ملک کوسٹاریکا کی جیل میں خطرناک قیدیوں نے باہر موجود اپنے گروہ کے افراد سے رابطہ رکھنے کےلیے انوکھا طریقہ اختیار کیا ہے۔ جیل میں قیدیوں کو موبائل فون پہنچانے کےلیے ملزمان کے ساتھیوں نے بلیوں کو خاص تربیت دے رکھی ہے جو کسی طرح جیل میں داخل ہو کر قیدیوں کو موبائل پہنچا دیتی ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسیروں تک موبائل پہنچنے کا یہ ’خفیہ طریقہ‘ برسوں کی محنت کے بعد کھوج نکالا اور ایک بلی کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ موبائل رکھنے والے قیدیوں سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔ وزارت انصاف و قانون کی جانب سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں بلیوں کو موبائل فون لے جاتے دکھایا گیا ہے۔
مقامی نیوز چینل نے اس حوالے سے یوٹیوب پر ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے:قیدیوں کے ساتھی بلی کے پیٹ کے نچلے حصے اور گردن میں بلی کے بالوں میں موبائل فون، چارجز اور ہینڈ فری چھپا دیا کرتے تھے جب کہ تربیت یافتہ بلی موبائل فون کو بڑی مہارت سے متعلقہ ملزم تک پہنچانے میں کامیاب ہوجاتی تھی تاہم شک کی بنیاد پر بلی کو پکڑ کر تلاشی لی گئی تو موبائل فون برآمد ہوگیا۔