اسلام آباد: وفاقی وزراء کا کہنا ہےکہ غیرمنتخب شخص کو اپوزیشن کی اے پی سی کا سربراہ بنا دیا گیا، اپوزیشن کا اتحاد چوری بچانے کےلئے ہے، جتنی چاہیں افطاریاں کرلیں، این آراو نہیں ملے گا، ”ابو بچاؤ افطاری“ کی آڑ میں ان کے ذاتی مفادات کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان، شیریں مزاری، حماد اظہر اور فیصل جاوید نے اپنے الگ الگ ردعمل میں کیا۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے اپوزیشن لیڈروں کی پریس کانفرنس پر رد عمل میں شیریں مزاری نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ مزاحیہ بات ہے کہ الیکشن ہارنے والے مولانا فضل الرحمان اے پی سی کی سربراہی کرینگے، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ افطار ڈنر کی آڑ میں مک مکاکیلئے چور دروازہ ڈھونڈاجارہا ہے، ایک دوسرے پر کرپشن کے الزام لگانے والے آج کس کیلئے گٹھ جوڑ کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ سیاسی بہروپیوں کے اکٹھ نے وزیر اعظم عمران خان کے بیانے کو سچ ثابت کردیا، انہوں نے کہا کہ عوام اس ”ابو بچاؤ افطاری“ سے لاتعلقی کا اظہار کریں گے اور اس ”ابو بچاؤ افطاری“ کی آڑ میں انکے ذاتی مفادات کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پنجاب کے صوبائی وزیراطلاعات صمصام علی شاہ بخاری نے کہاہے کہ عمران خان سے استعفیٰ لینا کو ئی خالہ جی کا گھر نہیں، اپوزیشن کے افطار ڈنرمیں یہ سب لو گ عوام کیلئے نہیں نیب کے کیسز کیلئے گئے جن کا حکومت سے کو ئی تعلق نہیں۔ حماد اظہر نے کہا کہ مریم نواز نے حمزہ شہباز کو سائیڈ لائن کر دیا تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ عوام کو (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی حقیت کا پتہ چل چکا ہے، ان کی تحریک میں نہیں نکلیں گے، یہ جتنی چاہے اکٹھی افطاریاں کرلیں ،عمران این آر او نہیں دینگے، وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے حزب اختلاف کے رہنماؤں کے اجلاس کو علی بابا اور چوروں کا اکٹھ قرار دیتےہوئے کہا کہ سیاست کے نام نہاد چیمپئنز آج قوم کے سامنے پوری طرح بے نقاب ہو گئے ہیں ، قوم کی جانب سے مسترد کردہ اور عمران خان سے شکست خوردہ عناصر نے آج زرداری کو اپنا سیاسی امام تسلیم کیا ہے ، زرداری کو بیماری قرار دینے والے صاحب کی صاحبزادی بھی زرداری پر ایمان لے آئیں ، زرداری کو لاہور کی سڑکوں پر گھسیٹنے اور پیٹ پھاڑ کر پیسہ نکلوانے والے شخص کا صاحبزادہ بھی پیٹ بھرنے پہنچا، دین کا لبادہ اوڑھ کر سیاست میں ایمان کی تجارت کرنے والا ٹولہ بھی مسٹر ٹین پرسنٹ کے در پر سجدہ ریز ہوا، مراد سعید نے کہا کہ یہ جتنی مرضی ضیافتیں اڑا لیں انہیں رعایت ملے گی نہ ہی ان کے ساتھ کوئی سمجھوتہ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک کے ابو جیل میں جا چکے اور دوسرے کے پہنچنے والے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کی دوسری این آر او کانفرنس ناکام ہو گئی ہے۔اس سے قبل پہلی ناکام کانفرنس مولانا فضل الرحمن کے گھر ہوئی تھی۔ بابر اعوان نے کہا کہ مریم ابا کو جیل اور حمزہ ابا کو پاکستان سے باہر نکالے رکھنا چاہتے ہیں۔ یہ کانفرنس احتساب سے بھاگنے کیلئے تھی مگر بھاگنے کے راستے بند ہیں۔وفاقی وزیر شیریں مزاری نے کہا کہ جمہوریت کے ساتھ کیا مذاق ہے کہ ایک غیر منتخب شخص کو جمہوری تحریک کیلئے اے پی سی کا ہیڈ بنادیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں شکست کھائے ایک شخص کو اپنی اے پی سی کا لیڈر بناکر متحدہ اپوزیشن نے اپنی خود ساختہ جمہوری ساکھ کا مذاق بنادیا ۔ یہ قوم کے ساتھ ایک مذاق کے علاوہ کچھ نہیں کہ متحدہ اپوزیشن نے ووٹ دہندہ کی جانب سے مسترد شخص کو سیاسی طور پر دوام دیا۔ کیا یہ ’ووٹ کو عزت دو‘ کا آئیڈیا ہے ؟وفاقی وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کے اجتماع پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز نے حمزہ شہباز کو سائیڈ لائن کر دیا۔حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ن لیگ شریفوں کی ذاتی جائیداد تک محدود ہو گئی ہے۔ حماد اظہر نے مزید کہا کہ شریف خاندان میں میرٹ کا تصور تک موجود نہیں ہے، حمزہ شہباز کی 20 سالہ سیاسی جدوجہد ضائع ہو گئی، مریم نواز نے حمزہ کو سائیڈ لائن کر دیا ہے۔