لندن: طلاق اور علیحدگی کا نام آتے ہی شور، لڑائی، تنازعہ اور ایک دوسرے کو لعن طعن کا خیال آتا ہے لیکن اب امریکا سمیت کئی ممالک میں اس رحجان کو خوشگوار رنگ دینے کے لیے ایک دوسرے سے الگ ہونے والے جوڑے خوشی خوشی آخری بار سیلفی لے کر اسے پوسٹ کررہے ہیں۔
بعض جوڑے عدالت کے باہر یا طلاق کے کاغذات کے ساتھ مشترکہ تصویر پوسٹ کررہے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ سوشل میڈیا پر یہ ایک نیا رحجان ہے جس کے ذریعے لوگ یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ طلاق اگرچہ ایک مشکل فیصلہ ہوتا ہے جس کے نفسیاتی اور جسمانی منفی اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں لیکن اس کے بعد بھی زندگی میں بہتری کی گنجائش رہتی ہے۔
دلچسپ بعد یہ ہے کہ سیلفی پوسٹ کرتے وقت میاں بیوی ایک دوسرے کی اچھی عادات اور اچھے لمحات کا ذکر بھی کررہے ہیں۔ کینیڈا کے ایک شہر میں سابقہ میاں بیوی نے طلاق کی دستاویز کے ساتھ لکھا کہ ’’ہم نے احترام، غوروفکراورباہمی رضامندی سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، اب ہمیں اپنے بچوں کی پرورش کا سوچنا ہے‘‘۔