اسلام آباد :چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اقربا پروری کی لعنت کی وجہ سے ملک کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے اتحاد کا دامن تھامے رکھا تو ایک دن منزل تک ضرور پہنچ جائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہر دل میں امیدوں کا چراغ روشن ہے اور مجھے یقین ہے کہ ایک دن ہماری محنت کے طفیل یہ ملک قائد کے خوابوں کی تعبیر بنے گا، ہم نے اگر منزل تک پہنچنا ہے تو ہمیں آپسی اختلافات کو فراموش کر کے ایک ہونا ہو گا۔
دوسری جانب عمران خان نے ترک صدر کیلئے خیر سگالی پیغام میں کہا کہ جناب اردگان اور ترک عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ میری اورمیری قوم کی دعائیں انکے ساتھ ہیں، ہمیں قوی یقین ہے کہ ترکی درپیش سنگین اقتصادی بحران سے بھی کامیابی سے نمٹ لے گا۔ عمران خان نے مزید کہاکہ تاریخ شاہد ہے کہ ترکوں نے ہمیشہ مشکلات کو للکارا ہے، ترک بحثیت قوم ہر آزمائش میں سے سرخرو ہوکر نکلے ہیں۔