امریکا نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور بدعنوانی میں ملوث 14افراد پر پابندی عائد کردی ہے۔ پابندی کا سامنا کرنے والوں میں ایک پاکستانی بھی شامل ہے۔
امریکا کے محکمہ خزانہ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پابندی کا سامنا کرنے والوں میں ازبکستان ،برازیل ، روس چین اور دیگر ملکوں کے شہری شامل ہیں۔ پابندی کا سامنا کرنے والوں میں ایک پاکستانی بھی شامل ہے، کڈنی ٹرانسپلانٹ سرجن کرنل ریٹائرڈ مختار حامد شاہ پر امریکا کی طرف سے پابندی عائد کی گئی ہے۔ کرنل ریٹائرڈ مختارحامد شاہ کوگردوں کی غیر قانونی خریدوفروخت کے الزام میں 2016میں گرفتار کیا گیا، بعدازاں وہ ضمانت پر رہاہوگئے اور راولپنڈی میں ایک نجی اسپتال چلاتے ہیں۔ امریکا کے محکمہ خزانہ نے ان افراد پر پابندی سے متعلق 21دسمبر 2017کو اعلامیہ جاری کیا تھا۔