واشنگٹن: امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے افغانستان میں اتحادی افواج کے نامزد سربراہ جنرل آسٹن ملر نے پاکستان سے پھر ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے اب بھی سب سے بڑا چیلنج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان میں اتحادی افواج کے لیے نامزد امریکی جنرل آسٹن ملر نے پاکستان سے پھر ڈو مور کا مطالبہ کردیا۔
سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے امریکی جنرل آسٹن ملر کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں پاکستان سے بڑی توقعات ہیں۔ سفارتی اور سیکیورٹی کے پیش نظر پاکستان ایک اہم ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کو مسئلے کے حل کے طور پر دیکھے۔
جنرل آسٹن ملر نے دہشت گردی میں پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ بہادری سے لڑی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے اب بھی سب سے بڑا چیلنج ہے۔ افغان امن عمل میں پاکستان سے بڑی توقعات ہیں۔ سفارتی اور سیکیورٹی کے نقطہ نظر سے پاکستان اہم ہے۔