ماسکو; ویڈیو گیم بلیو وہیل کا ماسٹر مائنڈ آخر کار قانون کے شکنجے میں آ گیا، روس کی پولیس نے اس کی تصاویر اور شناخت جاری کر دی، پولیس کے مطابق بائیس سالہ شخص کا نام نکیتا نیارونوف ہے۔ اسے ایک سال پہلے گرفتار کیا گیا لیکن اسے اب ظاہر کیا ہے، روسی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے اب تک اقبال جرم نہیں کیا ہے۔ نکیتا اپنے دفاع میں دلیل پیش کرتا ہے کہ اس نے اُن لڑکیوں کی مدد کی ہے جو اس دنیا سے ناامید ہو چکی تھیں۔ وہ ماسکو کے نواحی علاقے کا رہائشی ہے اور اپنے گھر سے ہی گیم کو آپریٹ کرتا تھا۔ وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے ذریعے نوجوان لڑکے لڑکیوں سے رابطے کرتا اور انہیں خود کشی پر اکساتا اور وہ آخر کار خود کشی کر لیتے۔