ممبئی: بھارت میں وڈیو شئیرنگ ویب سائیٹ یوٹیوب پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے 40 سال سے بچھڑے ہوئے شہری کو اہل خانہ سے ملوا دیا۔
ایک فوٹو گرافر کی وجہ سے 66 سالہ بھارتی شہری کُھمدرام گمبھیر سنگھ 40 سال بعد اپنے خاندان سے مل گیا۔ فوٹو گرافر نے ایک ہندی گانا گاتے ہوئے بزرگ شہری کی ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ کی تھی۔ جسے ایک غیر سرکاری تنظیم نے دیکھا اور گمشدہ شہری کے خاندان کی کھوج کا آغاز کیا اور یوں ممبئی پولیس کی معاونت سے کھمدار سنگھ اپنے اہل خانہ سے ملنے میں کامیاب ہو گیا۔
فوٹو گرافر فیروز شاکر نے یہ ویڈیو گزشتہ برس اکتوبر میں ریکارڈ کر کے یو ٹیوب پر اپ لوڈ کی تھی جس میں گم شدہ شخص کو ایک گانا گاتا ہوئے دکھایا گیا تھا۔ گمبھیر نے ایک تعمیراتی مزدور کے طور پر کام کرتا رہا تھا اور شراب نوشی کا عادی ہو گیا تھا۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہےکہ گمبھیر ایک سابق فوجی افسر ہے، 26 سال کی عمر میں ناکام شادی کے بعد سے وہ لاپتہ تھا۔ یو ٹیوب ویڈیو کو دیکھ کر گھمبیر کے بھائی نے اسے شناخت کیا۔
فوٹو گرافر فیروز شاکر ایک عوامی فوٹو گرافر ہیں جو سڑکوں اور گلی محلوں سے دلچسپ اور منفرد لمحات کو کیمرے میں محفوظ کرتے ہیں اپنی ایک مہم کے دوران فیروز شاکر کی ملاقات 66 سالہ کُھمدرام گمبھیر سنگھ سے ہوئی جو 1978 سے اپنے اہل خانہ سے دور منی پور کی گلیوں میں بھیک مانگ کر گزارا کیا کرتا ہے۔