رینالہ خورد: مبینہ طور پر حساس ادارے کے افسر بن کر پی ٹی آئی کیلیے ووٹ مانگنے والے تین جعلسازوں کوگاؤں والوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، ایک فرار ہو گیا۔ چار افراد حافظ جاب حسین، محمد سعید کمبوہ، ملک عامر اور ایک نامعلوم نواحی گاؤں 4 جی ڈی اے اور مسلم لیگ (ن) کے ایک رہنما عثمان غنی کایانہ سے مل کر کہا کہ وہ آئی ایس ائی کے افسر ہیں، آپ نے پی ٹی آئی کو ووٹ دینا ہے اور ان کے جلسے بھی کرانے ہیں، اطلاع ملنے پر مسلم لیگ (ن) کے صوبائی امیدوار چوہدری جاوید علاؤالدین پہنچ گئے اور پولیس کو اطلاع کر دی۔عثمان غنی نے پولیس کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے دوبائی امیدوار مہر جاوید اقبال نے ایک انیٹ ورک قائم کیا ہوا ہے جو مسلم لیگیوں کو فون کر کے خود کو آئی ایس آئی کے افسر بتا کر دھمکیاں دیکر پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کیلئے کہتے ہیں۔یہ صمصام علی شاہ، مہر جاوید اقبال ، شاہین بشیر اور عامر ممتاز کامیانہ کا منصوبہ ہے۔ لیکن پکڑے گئے مبینہ جعلی افسران نے بتایا کہ وہ تو محض پی ٹی آئی کے لیے ووٹ مانگ رہے تھے، آئی ایس آئی کی کوئی بات نہیں کی۔اطلاع ملنے پر پورے ضلع کی پولیس اور انتظامیہ تھانہ ستگھرہ پہنچ گئی۔(ن) لیگ کے امیدوار قومی اسمبلی ندیم عباس ربیرہ اور پی ٹی آئی کے صمصام علی شاہ بخاری بھی پہنچ گئے۔ دونوں گروپس نے ایک دوسرے کے خلاف درخواستیں جمع کروائیں۔ اس دوران دونوں پارٹیوں کے سیکڑوں افراد تھا نے کے باہر جمع ہو کر ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر ، گلستان جوہر ، تیموریہ اور نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سے 4 جعلی پولیس اہلکاروں کے علاوہ ، مویشی خریدنے کے لئے جانے والے شہریوں کو لوٹنے والے اور مضر صحت ماوا گٹکا فروخت کرنے والے ملزمان سمیت 12 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ایس ایس پی ایسٹ عرفان بلوچ کے مطابق گلستان جوہر میں الہ دین پارک قریب چاروں جعلی پولیس اہلکار سڑک پر اسنیپ چیکنگ کررہے تھے کہ گلستان جوہر تھانے کی پولیس موبائل وہاں پہنچی ۔گلستان جوہر تھانے کے اہلکاروں نے اسنیپ چیکنگ کرنے والے جعلی اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی تو ان کے جعلی اہلکار ہونے کا پول کھل گیا، چاروں جعلی اہلکار فیصل ، ارسلان ، فیضان اور محسن کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔ایس پی گلبرگ بشیر بروہی کے مطابق تیموریہ اقبال گارڈن میں خفیہ اطلاع پر ایک سوزوکی ہائی روف کی تلاشی لی گئی تو اس میں 139 کلو گرام مضر صحت ماوا / مین پوری تھا جسے قبضے میں لیکر گاڑی کے ڈرائیور اور ہیلپرمبشر اورعدنان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ایس ایس پی ملیر رائو انوار کے مطابق ملیر بکرا پڑی کے قریب 4 اسٹریٹ کرمنلز صہیب،سلیم،کاشف اور فرحاد ملیر بکرا پڑی ،مویشی خریدنے کے لئے جانے والے شہری سے لوٹ مار کررہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس پہنچ گئی تو ملزمان فرار ہونے لگے جنہیں تعاقب کے بعد گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے2800 روپے کی رقم ،اسلحہ اور موبائل فون ملے ہیں۔