اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے محنت کشوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تیز ترقی کا وژن محنت کشوں کی جدوجہد کی بدولت ہی ممکن ہے۔
The vision of faster growth is possible only with the hard workers’ struggle, Prime Minister
وزیراعظم نواز شریف کا مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ملکی ترقی میں مزدوروں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم نے معیشت کی ترقی میں اہم کردار پر محنت کشوں کو مبارکباد بھی پیش کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج کے دن محنت کشوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا جانا چاہیئے، مزدور ہمارے سماجی شراکت دار ہیں، حکومت مزدوروں، ان کے خاندانوں کے فلاح کے لیے کام کر رہی ہے اور محنت کشوں کے لیے قوانین میں تبدیلی میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیز ترقی کا وژن محنت کشوں کی جدوجہد کی بدولت ہی ممکن ہے اور حکومت مزدوروں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت مزدور طبقے کی مشکلات، ضروریات سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہرممکن کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں کو قومی تعمیر میں اہم کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں جب کہ حکومت مزدوروں کی رہائشی، طبی اور تعلیمی سہولیات کے لیے کوشاں ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آج کا دن نا انصافی کے خلاف شکاگو کے شہدا کی جدوجہد کے طور پر یاد کیا جاتا ہے، انہوں نے مزدوروں کے بہتر مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔