بیجنگ: چین کے ایک چڑیا گھر میں ایسا طوطا موجود ہے جو ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہت رکھنے کی وجہ سے عوام کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
چین کے شہر ہانگ ژو کے چڑیا گھر میں ایک طوطا لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور اس کی وجہ اس کے بالوں اور آنکھوں کا نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جیسا ہونا ہے۔ یہ دنیا کا نایاب پرندہ ہے جسے چین میں فیزنٹ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہت والے طوطے کی تصاویر سوشل میڈیا پر بہت تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی ہیں اور چڑیا گھر میں اس پرندے کو دیکھنے کے لئے لوگوں کا رش لگ گیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہت رکھنے والے فیز نٹ کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعدد افراد نے سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کچھ مختلف انداز میں کیا۔ ایک صاحب نے لکھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ ملانیا نے نو منتخب امریکی صدر سے کہہ دیا ہے کہ وہ کبھی بھی چین کے شہر ہانگ ژو نہیں جائیں گی جب کہ ایک دوسرے صاحب نے لکھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو اس طوطے کے تمام تعلیمی اخراجات اس وقت تک برداشت کرنے چاہیئں جب تک یہ گریجویشن نہیں کر لیتا۔
اس طوطے کی دیکھ بھال کرنے والے ملازم گوا کا کہنا ہے کہ امریکی صدارتی انتخابات نے اس طوطے کی اہمیت میں بہت اضافہ کر دیا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے کبھی فیز نٹ کو اتنی غور سے نہیں دیکھا تھا لیکن جب ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدر منتخب ہوئے تو میں نے ان کی تصاویر کو غور سے دیکھا اور محسوس کیا کہ اس طوطے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے بالوں میں قدرے مماثلتپائی جاتی ہے، میری خواہش ہے کہ مزید لوگ ہمارے چڑیا گھر میں آئیں اور خبروں کی زینت بنے طوطے کو دیکھ کر محظوظہوں۔