اسلام آبادمحکمہ موسمیات نے رواں ماہ کے دوسرے ہفتے سے ملک کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
یس نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی نوید سنائی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 7 اپریل کو ملک میں بارشوں کا باعث بننے والی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوجائے گا جس کے بعد ملک کے وسطی اور شمالی علاقوں میں 8 اپریل سے 15 اپریل تک بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، جنوبی پنجاب ڈیرہ غازی خان، راجن پور، رحیم یارخان، بہاولپور، لیہ، ملتان اور جھنگ میں چند مقامات پر بارش جبکہ بالائی سندھ سکھر، لاڑکانہ اور کشمور میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام مالاکنڈ ڈویژن، بالائی فاٹا، کشمیر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے جبکہ کل ہزارہ، راولپنڈی، کوئٹۃ، ژوب میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔