کرکٹ بورڈ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز بورڈ کو پاکستان میں کھیلنے کیلئے راضی کر لیں گے۔
لاہور: (یس اُردو) رواں سال ستمبر میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز شیڈول ہے۔ اس سیریز میں پاک ویسٹ انڈیز ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ اطلاعات ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کی خواہش ہے کہ ان میں سے کچھ میچز پاکستان کے میدانوں میں کھیلے جائیں۔ اس سلسلے میں ویسٹ انڈیز بورڈ سے جلد بات کی جائے گی۔ رپورٹس کے مطابق اگر ویسٹ انڈیز بورڈ پاکستان میں کھیلنے کیلئے آمادہ ہو جاتا ہے تو غیر ملکی مہمان کھلاڑیوں کی فیس میں اضافہ کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ پی سی بی حکام نے اس سلسلے میں ویسٹ انڈیز کے سابق مایہ ناز کھلاڑیوں سر ویوین رچرڈز اور برائن لارا سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ اپنے بورڈ کو پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں ساتھ دینے کیلئے راضی کر سکیں۔ واضح رہے کہ 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا جس کی وجہ سے ہمارے کرکٹ گراؤنڈ ویران پڑے ہیں۔